ایل ڈی اے کے ترقیاتی منصوبے، گاڑیوں کی مد میں کروڑوں روپے کی عدم وصولی
11-11-2026
(لاہور نیوز) ایل ڈی اے کے ترقیاتی منصوبوں میں عدم وصولی کا انکشاف ہوا ہے، ٹھیکیداروں سے گاڑیوں کی مد میں 3 کروڑ 62 لاکھ روپے کی عدم وصولی کا انکشاف کیا گیا۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ون کی معاملے پر ریکوری کیلئے پیرا 30 روز تک مؤخر رکھنے کی ہدایت کی، کمیٹی کے مطابقریکوری مکمل کر کے مستند دستاویزات کیساتھ معاملہ دوبارہ پیش کیا جائے، ٹھیکیداروں کو 1300 سی سی یا زائد کی 2 اور 1000 سی سی یا زائد کی 2گاڑیاں فراہم کرنا تھیں۔ ٹھیکیدار معاہدے پر دستخط کے ایک ہفتے کے اندر گاڑیاں فراہم کرنے کے پابند تھے، معاہدے کے تحت گاڑیوں کے پٹرول، دیکھ بھال کے اخراجات بھی ٹھیکیداروں کے ذمے تھے۔ گاڑیوں کی عدم فراہمی سے ایل ڈی اے کو 3 کروڑ 62 لاکھ کے نقصان کا معاملہ اٹھایا گیا، ایل ڈی اے نے گاڑیوں کی مد میں صرف 15 لاکھ 97 ہزار 4 کی ریکوری ظاہر کی، ایل ڈی اے کی جانب سے ظاہر کردہ ریکوری کی تصدیق ہوئی۔ آڈٹ رپورٹ کے مطابق باقی 2 کروڑ 99 لاکھ 90 ہزار کی ریکوری غیر مصدقہ قرار دی گئی، ایل ڈی اے مکمل 3 کروڑ 15 لاکھ 88 ہزار کی ریکوری کرنے میں ناکام رہا، ایل ڈی اے نے ریکوری کے ثبوت کے طور پر صرف وینڈر کا کریڈٹ میمو پیش کیا، صرف کریڈٹ میمو مکمل ریکوری کا ثبوت نہیں۔ سرکاری اکاؤنٹ میں رقم جمع ہونے، ایس اے پی سسٹم میں کلیئرنس کا ریکارڈ بھی لازم ہے، ایل ڈی اے کی رپورٹ میں ٹھیکیداروں نے گاڑیاں حوالے کرنے میں 5ماہ کی تاخیر کی۔