سموگ کی صورتحال میں بہتری، مکمل قابو پانے کیلئے فورس موجود ہے، مریم اورنگزیب

11-11-2026

(لاہور نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ لاہور میں سموگ کی صورتحال میں 23 سے 64 فیصد تک بہتری آئی ہے۔

سموگ کے تدارک کیلئے حکومتی اقدامات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ فضائی آلودگی اور سموگ انتہائی حساس معاملہ ہے، جس کا براہ راست تعلق عوامی صحت سے ہے، سموگ کی شدت میں اضافے کے مختلف عوامل کارفرما ہوتے ہیں، جن پر قابو پانے کیلئے پنجاب حکومت نے متعدد اقدامات کئے ہیں، ماضی میں ہمارے پاس ایئر کوالٹی مانیٹر بھی موجود نہیں تھا، تاہم اب سموگ پر قابو پانے کیلئے انوائرمینٹل فورس قائم کی گئی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 14 ہزار اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا گیا ہے، ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے اور خلاف ورزی کرنے والے بھٹوں کے خلاف فوری کارروائی کی جاتی ہے، ماحول کے تحفظ کیلئے مختلف شعبوں کی سطح پر کام جاری ہے، گزشتہ دور میں لوگوں کی صحت کے ساتھ جو کچھ ہوا، اس پر سیاست نہیں کرنا چاہتی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فضائی آلودگی پر قابو پانے اور عوام کو صاف ماحول فراہم کرنے کیلئے حکومتی اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔