پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن، فوڈ پوائنٹس بند، مقدمہ درج
11-11-2026
(لاہور نیوز) ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی منصور احمد کے حکم پر صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں میں 33 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کے دوران قوانین کی خلاف ورزی پر 3 پوائنٹس بند جبکہ ایک مقدمہ درج کر لیا گیا، کارروائی کے دوران معروف واٹر پلانٹ، ریسٹورنٹ اور ناشتہ پوائنٹ کو بند کیا گیا، جبکہ ناقص انتظامات پر 29 فوڈ پوائنٹس کو مجموعی طور پر 7 لاکھ 30 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے مطابق ٹمپل روڈ پر جعلی دودھ کی تیاری اور فروخت کرنے والے یونٹ کو بند کرکے مقدمہ درج کر لیا گیا، شالیمار ٹاؤن میں پانی کا سیمپل غیر معیاری ہونے پر واٹر پلانٹ کی پروڈکشن بند کر دی گئی، جبکہ گلشن راوی میں ناقص انتظامات پر ناشتہ پوائنٹ کو سیل کیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی منصور احمد کا کہنا ہے کہ خوراک کا کاروبار کرنے والے مقررہ قوانین پر عمل درآمد یقینی بنائیں، وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوام کو محفوظ خوراک کی فراہمی کیلئے صوبہ بھر میں چیکنگ اور کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔