بینکوں کے ذریعے کاروباری طبقے کو مالی معاونت فراہم کر رہے ہیں: بلال اظہر کیانی

11-10-2026

(لاہور نیوز) وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ بینکوں کے ذریعے کاروباری طبقے کو مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا کہنا تھا کہ حکومت نے چھوٹے کاروباری طبقے کی معاونت اور کاروبار کے فروغ کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ترجیحات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کا فروغ شامل ہے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ بینکوں کے ذریعے چھوٹے کاروباری طبقے کو مالی معاونت کی فراہمی یقینی بنائی جا رہیں اور برآمدات میں اضافے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سپر ٹیکس کا خاتمہ کیا گیا ہے اور چھوٹے برآمد کنندگان کے لیے بجلی کی قیمتیں بھی کم کی گئی ہیں۔ وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ حکومت معاشی اصلاحات کے لیے سرمایہ کاروں کی تجاویز کا خیرمقدم کرتی ہے، کاروباری شعبے کی ترقی اور برآمدات میں اضافے کے لیے نجی شعبے کا تعاون اہم ہے۔