ایل پی جی کی سرکاری نرخ کے برعکس 650 روپے فی کلو میں فروخت
11-10-2026
(لاہور نیوز) پنجاب بھر میں ایل پی جی کی قیمتوں میں خودساختہ اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔
اوگرا کی جانب سے مقرر کردہ سرکاری نرخوں کے برعکس شہر کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی 550 سے 650 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے، جس کے باعث شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق اوگرا نے رواں ماہ ایل پی جی کی فی کلو قیمت 294 روپے 7 پیسے مقرر کر رکھی ہے، تاہم مارکیٹ میں سرکاری نرخوں پر گیس دستیاب نہیں، مختلف علاقوں میں من مانے نرخ وصول کئے جا رہے ہیں جبکہ قیمتوں میں مسلسل اضافے سے شہری اور دکاندار دونوں پریشان ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہے، ہر سال موسم سرما کے آغاز پر ایل پی جی مافیا سرگرم ہو جاتا ہے اور عوام کی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قیمتوں میں من مانا اضافہ کر دیتا ہے۔ شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی سرکاری قیمت پر فروخت یقینی بنائی جائے، خودساختہ مہنگائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔