پنجاب کے مختلف اضلاع میں 12 اور 13 نومبر کے دوران بارش کا امکان

11-10-2026

(ویب ڈیسک) پنجاب کے مختلف اضلاع میں 12 اور 13 نومبر کے دوران بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال اور سرگودھا میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر اور ملتان میں 12 نومبر کو بارش ہو سکتی ہے، اس کے علاوہ اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور گلیات میں آج رات تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔ مزید برآں بارشوں کے بعد میدانی علاقوں میں بعض مقامات پر دھند چھانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث شہریوں اور مسافروں کو سفر کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے، کسانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متوقع موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصلوں کی حفاظت کیلئے ضروری اقدامات کریں۔ دوسری طرف ملک کے بالائی اور شمالی علاقوں میں 10 سے 14 نومبر کے دوران بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، جبکہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ 10 نومبر سے ملک کے مغربی اور شمالی علاقوں میں داخل ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے، اس موسمی سلسلے کے زیر اثر خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں 10 سے 14 نومبر تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بارش سے متاثر ہونے والے علاقوں میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد شامل ہیں، جبکہ پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ، بنوں، کرک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں جبکہ شدید برفباری کی صورت میں بعض سڑکوں کی بندش کا بھی خدشہ ہے۔