کینال پر فلوٹنگ ریسٹورنٹ منصوبہ، 16 نومبر کو حتمی بحث طلب
11-10-2026
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے جلو پارک کے قریب کینال پر فلوٹنگ ریسٹورنٹ منصوبے کے خلاف دائر درخواست پر وکلا کو 16 نومبر کو حتمی بحث کیلئے طلب کر لیا۔
جسٹس عثمان غنی راشد چیمہ نے شہری اعجاز انور کی درخواست پر سماعت کی، عدالتی حکم پر درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے جواب الجواب بھی جمع کرا دیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کو کینال پر فلوٹنگ ریسٹورنٹ منصوبہ شروع کرنے کا قانونی اختیار حاصل نہیں تھا، کینال ہیریٹیج ایکٹ کے تحت نہر پر کسی قسم کی تعمیرات نہیں کی جا سکتیں۔ وکیل درخواست گزار کے مطابق منصوبے پر 56 کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں جبکہ فلوٹنگ ریسٹورنٹ کی تعمیر کیلئے نہر کے کنارے درخت بھی کاٹے جا رہے ہیں۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ فلوٹنگ ریسٹورنٹ منصوبے کا تعمیراتی کام فوری طور پر روکنے کے احکامات جاری کئے جائیں، عدالت نے فریقین کے وکلا کو 16 نومبر کو حتمی دلائل کیلئے طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔