سموگ کے تدارک کیلئے ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن تیز، گاڑیوں کے چالان

11-10-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر لاہور میں سموگ کے تدارک کیلئے ٹریفک پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔

شہر کے داخلی و خارجی راستوں سمیت مختلف مقامات پر رات گئے خصوصی ناکے قائم کرکے کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق لاہور آلودہ شہروں میں سرفہرست ہے، انسانی صحت اور عوامی تحفظ کیلئے آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف سخت اقدامات ناگزیر ہیں، دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ سی ٹی او لاہور کا کہنا ہے کہ بغیر ترپال مٹی اور ریت لے جانے والی ٹرالیوں اور ڈمپرز کا شہر میں داخلہ بند ہے، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کئے جا رہے ہیں، انتہائی خطرناک حد تک دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کے ڈرائیونگ لائسنس بھی معطل کئے جا رہے ہیں، جبکہ کمرشل گاڑیوں کے روٹ پرمٹ معطل کرنے کی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق دھواں چھوڑنے والی 11 ہزار 871 گاڑیوں کو چالان ٹکٹس جاری کئے گئے، بغیر ترپال ریت، مٹی اور دیگر آلودگی پھیلانے والا سامان لے جانے والی 7 ہزار 919 گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی، اسی طرح بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ اور خستہ حال 25 ہزار 833 گاڑیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی، جبکہ اوورلوڈنگ پر 2 لاکھ 53 ہزار 286 گاڑیوں کو بھی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔ سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق مٹی، ریت اور دیگر مائنز سائٹس پر خصوصی کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے، بغیر ترپال، پانی کے چھڑکاؤ اور دیگر حفاظتی اقدامات کے ٹریکٹر ٹرالیوں کو سڑکوں پر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر ڈی ایس پیز کی نگرانی میں خصوصی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم کی مدد سے بھی دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی نشاندہی کرکے چالان کئے جا رہے ہیں، سی ٹی او لاہور کے مطابق سموکنگ گاڑیوں کی درستگی یقینی بنانے کیلئے متعدد سرکاری اور نیم سرکاری اداروں کو مراسلے بھی ارسال کئے گئے ہیں، آلودگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔