حکومت اور جماعت اسلامی کی ذیلی کمیٹی کے مذاکرات کا فائنل راؤنڈ آج ہو گا
11-10-2026
(لاہور نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت اور جماعت اسلامی کی ذیلی کمیٹی کے مذاکرات کا آج فائنل راؤنڈ ہو گا۔
اپنے بیان میں لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی میزبانی میں اجلاس وزارت خارجہ کے کمیٹی روم میں ہو گا، حکومت پٹرولیم لیوی اور عوامی ریلیف کیلئے اقدامات کرے، انہوں نے کہا کہ مہنگا تیل، مہنگی بجلی و گیس، ٹیکسوں کا بوجھ عوام کیلئے ناقابل برداشت ہو چکا ہے۔ نائب امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ سرکاری محکموں میں کرپشن کا کینسر قومی معیشت کیلئے بڑا روگ ہے، تیل پر لیوی کے خاتمہ، گیس امپورٹ پر مافیا کے خاتمہ سے معیشت کا پہیہ رواں دواں ہو گا، جماعت اسلامی کی عوام کو ریلیف دلانے کی جہدوجہد رنگ لائے گی۔