لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست، ایئر کوالٹی انڈیکس 303 ریکارڈ

11-10-2026

(لاہور نیوز) فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا بھر کے شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 303 ریکارڈ کی گئی ہے۔

شہر کی فضا آلودہ ہونے کے باعث شہریوں کیلئے سانس لینا بھی دشوار ہو گیا، فضائی آلودگی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق سید مراتب علی روڈ کے علاقے میں ایئر کوالٹی انڈیکس 475 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ میں اے کیو آئی 470 تک جا پہنچا، گلبرگ کے علاقے میں فضائی آلودگی کی صورتحال انتہائی تشویشناک رہی، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 639 ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، ہوا کی رفتار 2 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی جبکہ فضا میں نمی کا تناسب 70 فیصد تک پہنچ گیا۔ شہر میں ہوا کی کم رفتار اور فضائی آلودگی کے باعث سموگ کی صورتحال برقرار ہے، جس سے شہریوں کو سانس لینے میں مشکلات سمیت آنکھوں اور گلے میں جلن جیسی شکایات کا سامنا ہو سکتا ہے، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے اور باہر جاتے وقت حفاظتی ماسک استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔