ماڈل ریڑھیوں کو کیش لیس نظام پر منتقل کرنے کا فیصلہ

11-10-2026

(لاہور نیوز) ماڈل ریڑھیوں کو کیش لیس نظام پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، خریداری کیلئے کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی کی سہولت فراہم ہو گی۔

پنجاب بھر میں ڈکیتی، چوری اور چھینا جھپٹی کی وارداتوں کی روک تھام اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کیلئے اہم اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں، اس سلسلے میں نجی بینک کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں، جبکہ ریڑھی مالکان کے بینک اکاؤنٹس کھولنے اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کا نظام فعال بنانے کیلئے بھی اقدامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ منصوبے کے تحت ہر ماڈل ریڑھی پر کیو آر کوڈ نصب کیا جائے گا، جسے سکین کرکے خریدار اپنی خریداری کی رقم ڈیجیٹل طریقے سے ادا کر سکیں گے، اس اقدام سے ریڑھی مالکان کو نقد رقم رکھنے کی ضرورت کم ہو گی اور کاروباری لین دین مزید محفوظ اور آسان بنانے میں مدد ملے گی۔ حکام کے مطابق پنجاب بھر میں ڈیجیٹل مائیکروفنانس بزنس متعارف کرانے کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، اس جدید مالیاتی نظام کے ذریعے چھوٹے کاروباری افراد اور کم آمدنی والے طبقے کو موبائل ایپس اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے چھوٹے قرضوں، بچت اور انشورنس جیسی سہولیات فراہم کی جا سکیں گی، ڈیجیٹل مائیکروفنانس بزنس کے فروغ سے چھوٹے کاروباری افراد کو روایتی بینکاری کے پیچیدہ مراحل سے بچانے اور مالیاتی سہولیات تک آسان رسائی دینے میں مدد ملے گی۔