لاہور میں لاپرواہی سے ڈرائیو کرنے پر خاتون ٹک ٹاکر گرفتار
11-09-2026
(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے کار ڈرفٹنگ اور تیز رفتاری کی خلاف ورزی پر خاتون ٹک ٹاکر کو گرفتار کر لیا۔
رپورٹ کے مطابق سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر کار ڈرفٹنگ اور تیز رفتاری کے خلاف ٹریفک پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں، خطرناک ڈرائیونگ کرنے والی خاتون ٹک ٹاکر نور بٹ کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈی ایس پی ٹریفک اشفاق احمد کے مطابق خاتون ڈرائیور نور نے سی بی ڈی ایریا میں گاڑی زگ زیگ انداز میں چلاتے ہوئے خطرناک ڈرائیونگ کی جس کی فوٹیج بھی سامنے آئیں۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ نصیر آباد میں درج کیا گیا ہے، جبکہ خاتون کو کلمہ چوک کے قریب روک کر گرفتار کیا گیا۔ گرفتار خاتون کی شناخت معروف ٹک ٹاکر نور بٹ بتائی گئی ہے جبکہ مقدمہ سینئر ٹریفک وارڈن ساجد خلیل کے بیان پر درج کیا گیا۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، خطرناک ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔