ہیئر میں رشتے کے تنازع پر فائرنگ، دو افراد جاں بحق
11-09-2026
(لاہور نیوز) لاہور کے علاقے ہیئر میں رشتے کے تنازع پر دو خاندانوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں سعید اور اللہ دتہ موقع پر ہی دم توڑ گئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس پی کینٹ سمیت پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لئے جبکہ فرانزک ٹیم نے بھی اہم شواہد محفوظ کر لئے ہیں، دونوں جاں بحق افراد کی لاشوں کو قانونی کارروائی کیلئے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کے مختلف پہلوؤں، محرکات اور فائرنگ میں ملوث افراد کے کردار کا تعین کیا جا رہا ہے، جبکہ عینی شاہدین کے بیانات بھی قلمبند کئے جا رہے ہیں۔ ایس پی کینٹ کا کہنا ہے کہ شواہد کی روشنی میں تحقیقات آگے بڑھائی جا رہی ہیں اور واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔