لاہور ریلوے اسٹیشن پر ناکارہ بوگی میں آتشزدگی، مشتبہ شخص زیرحراست
11-09-2026
(لاہور نیوز) لاہور ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر 7 پر کھڑی خالی اور ناکارہ اکانومی کلاس کی بوگی میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، واقعے کے بعد ریلوے پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا۔
ریلوے حکام کے مطابق آگ دوپہر 12 بج کر 40 منٹ پر لگی، اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی فائر بریگیڈ ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک بج کر 20 منٹ تک آگ پر قابو پا لیا۔ ریلوے پولیس نے اسٹیشن سٹاف کی معاونت سے ایک مشتبہ شخص کو موقع پر حراست میں لے لیا ہے، جبکہ واقعے کا مقدمہ ریلوے پولیس اسٹیشن لاہور میں درج کیا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق آتشزدگی کے واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی ٹرین آپریشن متاثر ہوا ہے، تمام ٹرینیں معمول کے شیڈول کے مطابق چل رہی ہیں، مسافر اپنے طے شدہ شیڈول کے مطابق بلا تعطل سفر جاری رکھ سکتے ہیں۔ ریلوے پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔