لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر قرار، ایئر کوالٹی انڈیکس 519 تک پہنچ گیا

11-09-2026

(لاہور نیوز) لاہور میں فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک ہو گئی۔

شہر میں بڑھتی ہوئی سموگ نے شہریوں کی زندگیوں کو خطرات سے دوچار کر دیا، فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آ گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق شہر میں سموگ کی اوسط شرح 519 ریکارڈ کی گئی، جبکہ مختلف علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس خطرناک حد تک پہنچ گیا، سمن آباد میں ایئر کوالٹی انڈیکس 784، کینٹ میں 772 جبکہ علامہ اقبال ٹاؤن میں 712 ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 69 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ آئندہ موسم کے دوران بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔ فضائی آلودگی اور سموگ کی شدت کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔