آئندہ چند دنوں میں پنجاب میں سموگ کی شدت بڑھنے کا خدشہ ہے: مریم اورنگزیب کا عندیہ

11-08-2026

(لاہور نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے خبردار کیا ہے کہ سرحد پار دیوالی کے موقع پر بڑے پیمانے پر ہونے والی آتش بازی سے خارج ہونے والے باریک ذرات علاقائی فضائی آلودگی میں مزید اضافہ کر سکتے ہیں، جس کے باعث آئندہ چند روز کے دوران لاہور سمیت پنجاب بھر میں سموگ کی شدت بڑھنے کا خدشہ ہے

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ خلیج بنگال سے شروع ہونے والی گہری دھند اور آلودہ فضائی تہہ پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے، ہواؤں کی سمت، رفتار اور فضائی استحکام ایسے اہم عوامل ہیں جو لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) پر اثرانداز ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے میں فضائی آلودگی کی مسلسل مانیٹرنگ اور سموگ کے تدارک کے لیے مؤثر اقدامات مزید تیز کر دیے گئے ہیں، بھارت سے منسلک مشرقی کوریڈور کے قریب واقع ممکنہ ہائی اے کیو آئی والے علاقوں میں پیشگی سموگ گنز آپریشن اور پانی کے چھڑکاؤ کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ علاقائی فضائی آلودگی کے پیش نظر مقامی سطح پر آلودگی کے ذرائع پر قابو پانے کے لیے حکومت کا ساتھ دیں۔ فصلوں کی باقیات، خصوصاً دھان کے مڈھ جلانے سے مکمل گریز کیا جائے کیونکہ اس سے خارج ہونے والے باریک ذرات پہلے سے موجود آلودہ فضائی تہہ میں مزید اضافہ کر سکتے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ کوڑا کرکٹ، پلاسٹک اور دیگر فضلے کو کھلے عام جلانے پر پابندی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، گاڑیوں سے نکلنے والے دھوئیں اور مضر اخراج پر قابو پانا بھی سموگ میں کمی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ گاڑیوں کی فٹنس اور اخراج کے مقررہ معیارات پر عمل کریں، آئندہ چند روز تک دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں سڑکوں پر لانے سے گریز کریں اور غیر ضروری سفر بھی نہ کریں۔