سی سی ڈی پولیس مقابلوں میں ہلاکتوں کی تحقیقات کا مطالبہ، اپوزیشن کی تحریک التوا تیار

11-08-2026

(لاہور نیوز) پنجاب میں سی سی ڈی کے مبینہ پولیس مقابلوں میں ہلاکتوں کے واقعات کی تحقیقات کے لیے اپوزیشن نے تحریک التوا تیار کر لی، جس میں عدالتی کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اپوزیشن رکن پنجاب اسمبلی احمر بھٹی 15 دیگر اپوزیشن ارکان کے ہمراہ تحریک التوا جمع کرائیں گے، تحریک کے متن میں پولیس مقابلوں میں ہلاکتوں اور قانونی تقاضوں سے متعلق سنگین سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ تحریک التوا کے مطابق سال 2025 کے دوران پنجاب میں سی سی ڈی کی کارروائیوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 924 افراد ہلاک ہوئے، ان کارروائیوں میں طاقت کے استعمال اور قانونی حیثیت سے متعلق کئی سوالات جنم لیتے ہیں۔ متن میں کہا گیا ہے کہ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان (ایچ آر سی پی) کی جانب سے مارچ 2026 میں قائم تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں بھی ایسے واقعات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ تحریک کے مطابق پولیس حکام بعض کارروائیوں کو جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن قرار دیتے ہیں تاہم پولیس مقابلوں میں ہلاکتوں کی نوعیت اور حالات کا غیر جانبدارانہ تعین ضروری ہے۔