دعائیہ تقریبات کے موقع پر گرجا گھروں کی سکیورٹی ہائی الرٹ، 2750 پولیس اہلکار تعینات
11-08-2026
(لاہور نیوز) دعائیہ تقریبات کے موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی، جبکہ گرجا گھروں سمیت اہم اور حساس مقامات کی حفاظت کے لیے پولیس افسران اور اہلکاروں کو تعینات کر دیا گیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران خود سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لیے فیلڈ میں موجود رہے۔ اس موقع پر گرجا گھروں کی سکیورٹی کے لیے 2750 پولیس افسران اور جوان تعینات کیے گئے ہیں۔ فیصل کامران نے مال روڈ، گلبرگ، ایم ایم عالم روڈ، گرجا چوک اور کینٹ سمیت مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور گرجا گھروں کے داخلی و خارجی راستوں، تعینات نفری اور اطراف میں کیے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے گرجا گھروں کی انتظامیہ سے بھی ملاقات کی اور سکیورٹی امور سمیت باہمی رابطہ کاری کو مزید مؤثر بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ فیصل کامران کے مطابق تمام ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز فیلڈ میں موجود ہیں اور چرچ انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ گرجا گھروں اور اہم مقامات کے اطراف مؤثر پٹرولنگ اور چیکنگ یقینی بنائی جا رہی ہے، جبکہ اہم اور حساس مقامات پر بھی سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ لاہور پولیس بلا تفریق شہریوں کے تحفظ کے لیے اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔ دعائیہ تقریبات میں شرکت کرنے والے شہری سکیورٹی برقرار رکھنے کے لیے پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔