پنجاب بھرمیں انسدادِ فضائی آلودگی آپریشن تیز،11 صنعتی یونٹس، اینٹوں کے 4 بھٹے سیل، 6 بھٹے مسمار
11-08-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں ماحولیاتی آلودگی کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔
اس دوران 11 صنعتی یونٹس اور 4 اینٹوں کے بھٹے سیل جبکہ 6 بھٹے مسمار کر دیے گئے۔ خلاف ورزیوں پر 26 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ سرکاری کارروائیوں کے دوران پنجاب بھر میں 240 صنعتی یونٹس اور 429 اینٹوں کے بھٹوں کا معائنہ کیا گیا۔ غیر معیاری پلاسٹک کے استعمال اور کاروبار کے خلاف 127 مقامات کی انسپیکشن کی گئی، جس کے نتیجے میں 896 کلوگرام پلاسٹک ضبط اور 4 مقامات سیل کیے گئے۔ دھوئیں کے اخراج کی روک تھام کے لیے 119 کمرشل کچنز اور باربی کیو پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 69 مقامات پر سکشن ہڈز نصب کروائے گئے جبکہ خلاف ورزی پر 5 مقامات سیل کر دیے گئے۔ اسی طرح اڑتی ہوئی دھول پر قابو پانے کے لیے 22 مقامات کا معائنہ کیا گیا اور 15 نوٹس جاری کیے گئے۔ تین مقامات پر سپرنکلرز بھی نصب کروائے گئے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈرون سکواڈ، نائٹ سکواڈ اور ہاک آئی فیلڈ سکواڈ مسلسل نگرانی کر رہے ہیں۔ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں اور فیلڈ ٹیمیں قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے متحرک ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فصلوں کی باقیات کو آگ نہ لگائیں جبکہ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے دھوئیں کے اخراج کی اطلاع ہیلپ لائن 1373 پر دیں۔