پنجاب پولیس کے خدمت مراکز کی کارکردگی کا جائزہ، سہولیات کا معیار مزید بہتر بنانے کا حکم
11-08-2026
(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب عبدالکریم کی زیرِ صدارت اجلاس میں پولیس خدمت مراکز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈی آئی جی آئی ٹی ڈاکٹر شہزاد آصف نے اجلاس کو خدمت مراکز کی کارکردگی، جدید ڈیجیٹل سہولیات اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی خدمات پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب پولیس کے صوبہ بھر میں قائم 256 خدمت مراکز شہریوں کو 16 مختلف ڈیجیٹل سہولیات فراہم کر رہے ہیں، جبکہ پولیس خدمت مراکز گلوبل کے ذریعے 42 ممالک میں قائم پاکستانی سفارت خانوں اور قونصل خانوں کے ذریعے بھی پاکستانیوں کو خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پولیس خدمت مراکز گلوبل کے ذریعے اب تک ایک لاکھ 22 ہزار سے زائد اوورسیز پاکستانی مستفید ہو چکے ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو کریکٹر سرٹیفکیٹ، نیشنل اسٹیٹس ویری فکیشن سمیت متعدد سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پنجاب پولیس پبلک ایپ کے ذریعے شہری گھر بیٹھے بھی خدمت مراکز کی تمام سہولیات حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ نظام میں ایس ایم ایس، واٹس ایپ اور نادرا ویری فکیشن سروسز سے بھی استفادہ کیا جا رہا ہے۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے پولیس خدمت مراکز کی جدید سہولیات کا دائرہ کار بڑھانے اور خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس، ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس، ڈی آئی جی آئی ٹی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔