لاہور میٹرو بس کے اشتہاری پولز سے ریونیو وصولی کا اختیار پی ایچ اے کو منتقل
11-07-2026
(لاہور نیوز) لاہور میٹرو بس کے شاہدرہ سے گجومتہ تک تمام پلرز پر اشتہاری مہم چلانے اور اس کی فیس وصول کرنے کا اختیار 13 سال بعد پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کو منتقل کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ 13 سال سے میٹرو بس پلرز کی ملکیت اور ان سے حاصل ہونے والی اشتہاری آمدن کے معاملے پر پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی اور پی ایچ اے کے درمیان اختیارات کا تنازع برقرار تھا، تاہم پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے اپنا سابقہ مؤقف تبدیل کرتے ہوئے تمام پلرز پر اشتہارات کا اختیار پی ایچ اے کو دے دیا ہے۔ پی ایچ اے نے میٹرو بس پلرز کو اشتہاری کاروبار کیلئے لیز پر دینے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں، سابقہ ٹینڈر منسوخ ہونے کے بعد نئے سرے سے ٹینڈر جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس سے ادارے کے ریونیو میں نمایاں اضافے کی توقع ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے اشتہاری آمدن میں اپنا حصہ لینے کی استدعا بھی کی جائے گی۔ دوسری جانب میٹرو بس پلرز کے بعد پنجاب کے مختلف بس سٹاپس کو بھی اشتہاری مہم کیلئے پی ایچ اے کے حوالے کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے، اس سلسلے میں محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کے زیرانتظام بس سٹاپس پر اشتہارات سے آمدن وصولی کا اختیار بھی پی ایچ اے کو دینے کی تجویز زیر غور ہے۔ شاہدرہ سے گجومتہ تک میٹرو بس کے تمام پلرز کو اشتہاری کاروبار کیلئے لیز پر دینے کے منصوبے پر عمل درآمد سے پی ایچ اے کیلئے آمدن کے نئے ذرائع پیدا ہونے کی توقع ہے۔