پٹرولیم مصنوعات سستی، سفر مہنگا، لاہور سے پبلک ٹرانسپورٹ کرائے کم نہ ہوسکے
11-07-2026
(لاہور نیوز) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود لاہور سے دیگر شہروں کو جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرائے کم نہ ہو سکے، جس کے باعث مسافروں کو بدستور پرانے اور زائد کرائے ادا کرنا پڑ رہے ہیں۔
ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں پانچ فیصد کمی کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم اس پر تاحال عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ لاہور کے مختلف بس اڈوں سے دیگر شہروں کو جانے والے مسافروں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود ٹرانسپورٹ کے کرائے پہلے کی طرح وصول کیے جا رہے ہیں۔ مسافروں کے مطابق پٹرول مہنگا ہونے پر ٹرانسپورٹرز نے فوری طور پر کرایوں میں اضافہ کر دیا تھا، لیکن اب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود کرائے کم کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی جا رہی۔ اوکاڑہ جانے والے ایک مسافر نے شکوہ کیا کہ پہلے اوکاڑہ کا کرایہ 800 روپے تھا، لیکن اب پٹرول سستا ہونے کے باوجود 1400 سے 1500 روپے تک وصول کیے جا رہے ہیں۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ کرایوں میں پانچ فیصد کمی کا اعلان محض کاغذی کارروائی ثابت ہوا ہے، عوام کو عملی طور پر کوئی ریلیف نہیں ملا۔ انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کے اعلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور زائد کرایے وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کی جائے۔