جوینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے اجراء میں نمایاں اضافہ

11-07-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر 16 سے 18 سال کے نوجوانوں کے لیے جووینائل ڈرائیونگ پرمٹس کے اجرا میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ 2 ماہ کے دوران جووینائل ڈرائیونگ پرمٹس کے اجرا میں 225 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اب تک ایک لاکھ 11 ہزار سے زائد نوجوانوں کو یہ پرمٹس جاری کیے جا چکے ہیں۔ ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ کی جانب سے متعارف کرائی گئی اس سہولت سے اب تک 4 لاکھ سے زائد نوجوان مختلف لائسنسنگ سہولیات سے مستفید ہو چکے ہیں۔ صرف گزشتہ ماہ  صوبہ بھر میں 27 ہزار سے زائد جووینائل ڈرائیونگ پرمٹس جاری کیے گئے، جبکہ لاہور ٹریفک پولیس نے گزشتہ دو ماہ کے دوران 6 ہزار سے زائد نوجوانوں کو ڈرائیونگ پرمٹس فراہم کیے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار 16 سے 18 سال کی عمر کے نوجوانوں کو باقاعدہ جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کرنے کی سہولت دی گئی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق کم عمر ڈرائیورز کی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں 77 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر نے جووینائل پرمٹ ہولڈرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہیلمٹ کے استعمال، لین ڈسپلن، ٹریفک سگنلز کی پابندی اور رفتار کی مقررہ حد پر سختی سے عمل کریں۔انہوں نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ بچوں کو سکوٹی یا موٹر سائیکل دینے سے قبل ان کی مکمل تربیت اور ڈرائیونگ صلاحیت کو یقینی بنائیں۔ وقاص نذیر کا کہنا تھا کہ "ہمارے نوجوان ہمارا روشن مستقبل ہیں اور ان کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔"