رواں سال اغواء ہونے والے 807 بچوں میں سے 780 بحفاظت بازیاب

11-06-2026

(لاہور نیوز) انویسٹی گیشن پولیس لاہور نے بچوں اور بچیوں کے اغواء کے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے رواں سال اغواء ہونے والے 807 بچوں میں سے 780 کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کے مطابق بقیہ بچوں کو بھی جلد بازیاب کروا لیا جائے گا، بچوں اور بچیوں کی بازیابی کیلئے پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا گیا ہے۔ سید ذیشان رضا نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور اس حوالے سے کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، اغواء اور دیگر جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں جاری ہیں اور گرفتار ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لا کر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ بچوں کو اغواء کرنے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کرتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، بچوں کے تحفظ کیلئے انویسٹی گیشن پولیس پوری تندہی سے اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی حفاظت پر خصوصی توجہ دیں، انہیں تنہا چھوڑنے سے گریز کریں اور ان کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔