کرپشن کے خلاف عدلیہ اور انتظامیہ کا ایک پیج پر ہونا بہتری کی نوید ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

11-06-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جعلی کورٹ فیس ٹکٹوں کے ذریعے قومی خزانے کو ڈیڑھ ارب روپے کا نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائی پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا تاریخی ایکشن قابل تحسین ہے، ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے مافیاز حقیقی طور پر قومی مجرم ہیں، کرپشن اور جرائم کے خلاف عدلیہ اور انتظامیہ کا ایک پیج پر ہونا بہتری کی نوید ہے۔ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کرپشن کے خاتمے کیلئے جاری کاوشوں میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی معاونت پر شکر گزار ہیں، وزیراعلیٰ  نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے اور کرپشن میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے۔