رائیونڈ عالمی تبلیغی اجتماع، لاہور پولیس کے 3 ہزار سے زائد اہلکار سکیورٹی پر تعینات

11-06-2026

(لاہور نیوز) رائیونڈ عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ جاری ہے، جس میں لاکھوں ملکی و غیر ملکی شرکاء شرکت کر رہے ہیں۔ اجتماع کے موقع پر لاہور پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، جن کے تحت 3 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔

سکیورٹی پلان کے مطابق 3 ایس پیز، 10 ڈی ایس پیز اور 41 انسپکٹرز سمیت ایس ایچ اوز مختلف مقامات پر فرائض انجام دے رہے ہیں، جبکہ پنڈال کے گردونواح میں 25 سکیورٹی پکٹس قائم کی گئی ہیں۔ شرکاء کی گاڑیوں کے لیے 6 مقامات پر پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔ اجتماع میں داخلے کے وقت ہر فرد اور گاڑی کی مکمل چیکنگ یقینی بنائی جا رہی ہے، جبکہ شرکاء کی رہنمائی اور فوری معاونت کے لیے پولیس کیمپ بھی قائم کیا گیا ہے۔ ڈولفن، پیرو، ایلیٹ فورس اور متعلقہ تھانوں کی پولیس گاڑیوں کے ذریعے پنڈال کے اطراف مسلسل گشت جاری ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کے مطابق اجتماع سے ملحقہ آبادیوں میں روزانہ سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کیے جا رہے ہیں، جبکہ لاہور پولیس جامع سکیورٹی پلان کے تحت اپنے فرائض انجام دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماع کے شرکاء کی جان و مال کا تحفظ اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنا لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ اجتماع کے پہلے مرحلے کا اختتام اتوار کو اجتماعی دعا کے ساتھ ہوگا۔