این سی سی آئی اے کے غیرقانونی کال سینٹرز پر چھاپے، 12 ملزمان گرفتار

11-06-2026

(لاہور نیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے لاہور میں دو مبینہ غیرقانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 10 مردوں اور 2 خواتین سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان کے مطابق کارروائیاں ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر کی براہِ راست نگرانی میں کی گئیں، این سی سی آئی اے کی ٹیموں  نے باٹا پور میں قائم کال سینٹر ’’سلوشن ہب‘‘ اور پنجاب ہاؤسنگ سوسائٹی میں واقع ’’ٹاسک ٹیکر‘‘ پر چھاپے مارے۔ کارروائی کے دوران 13 لیپ ٹاپس، 2 ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز اور 13 موبائل فونز سمیت مجموعی طور پر 28 ڈیجیٹل ڈیوائسز قبضے میں  لے لی گئیں، جبکہ کال ڈائلنگ سے متعلق ڈیٹا بھی تحویل میں  لے لیا گیا۔ حکام کے مطابق گرفتار ملزمان مبینہ طور پر کینیڈا اور امریکہ کے شہریوں کو موبائل فون اپ گریڈ اور سم آفرز کے نام پر دھوکہ دے کر رقم بٹورتے تھے۔ ملزمان پر الزام ہے کہ وہ معروف ٹیلی کام کمپنیوں راجرز، بیل، ٹیلس اور اے ٹی اینڈ ٹی کے نمائندے ظاہر کرکے شہریوں کو اپنے جال میں پھنساتے اور کارڈنگ فراڈ میں ملوث تھے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر کا کہنا ہے کہ سائبر فراڈ کے خاتمے کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ این سی سی آئی اے حکام  کے مطابق گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ قبضے میں لیے گئے ڈیجیٹل آلات اور ڈیٹا کی فرانزک جانچ کے ذریعے مبینہ نیٹ ورک کے دیگر کرداروں کا سراغ لگایا جائے گا۔