جمعۃ المبارک کے موقع پر لاہور پولیس ہائی الرٹ، شہر بھر میں کومبنگ آپریشنز
11-06-2026
(لاہور نیوز) جمعۃ المبارک کے موقع پر لاہور پولیس نے شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی ہے، جبکہ جرائم پیشہ اور قانون شکن عناصر کے خلاف کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
ترجمان لاہور پولیس کے مطابق رواں سال اب تک شہر بھر میں 2 ہزار 777 کومبنگ آپریشنز کیے گئے، جن کے دوران ایک لاکھ 45 ہزار سے زائد گھروں کی تلاشی لی گئی، جبکہ 2 لاکھ 61 ہزار سے زائد افراد کی بائیو میٹرک تصدیق عمل میں لائی گئی۔ ترجمان کے مطابق پولیس کارروائیوں کے نتیجے میں ایک ہزار 774 مشتبہ افراد اور 288 اشتہاری ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 252 ملزمان جبکہ ناجائز اسلحہ رکھنے کے الزام میں 102 ملزمان کو بھی حراست میں لیا گیا۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے جمعۃ المبارک کے موقع پر شہر بھر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپروائزری افسران خود مساجد، امام بارگاہوں اور اہم مقامات کی سکیورٹی کا جائزہ لیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مشکوک سرگرمیوں اور مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے اور تمام افسران و اہلکار مکمل چوکس رہیں۔ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید مؤثر بنانے کے ساتھ قانون شکن عناصر کے خلاف کومبنگ آپریشنز بھی جاری رکھے جائیں۔