خواتین وبچوں پر تشدد: وزیراعلیٰ کے حکم پر پولیس افسران و اہلکاروں کی خصوصی تربیت شروع
11-06-2026
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خواتین، بچوں اور معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ کے لیے پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار بڑھانے کا حکم دیا ہے، جس کے تحت آئی جی پنجاب عبدالکریم کی ہدایت پر پولیس افسران و اہلکاروں کے لیے خصوصی تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
ڈی آئی جی ٹریننگ پنجاب راؤ منیر ضیاء کے مطابق ہیڈ کانسٹیبل سے ڈی ایس پی رینک تک کے پولیس افسران و اہلکاروں کو خصوصی تربیت فراہم کی جا رہی ہے، تربیتی ورکشاپس میں خواتین، بچوں اور معاشرے کے کمزور طبقات کے خلاف تشدد کی روک تھام اور متاثرین کے تحفظ سے متعلق امور پر توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خصوصی تربیت کے ذریعے جنسی و صنفی جرائم کی روک تھام، شناخت اور تفتیش کے حوالے سے پولیس افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ کیا جائے گا، اس مقصد کے لیے ریجنل ٹریننگ سنٹرز اور ضلعی پولیس لائنز میں تربیتی ورکشاپس جاری ہیں۔ راؤ منیر ضیاء کے مطابق تمام آر پی اوز اپنے اپنے ریجنز میں ورکشاپس کے انعقاد اور متعلقہ افسران و اہلکاروں کی بھرپور شرکت یقینی بنا رہے ہیں، سی پی اوز اور ڈی پی اوز کو مستند انسٹرکٹرز کی تعیناتی، عملی تربیتی سیشنز اور حاضری و کارکردگی کی مؤثر مانیٹرنگ کا نظام یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی آئی جی ٹریننگ نے کہا کہ تربیت کے دوران متاثرہ خواتین اور بچوں کی شناخت اور متعلقہ مقدمات کی حساس معلومات کو خفیہ رکھنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی، تربیتی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کے لیے متعلقہ ریجنز میں فوکل پرسنز بھی مقرر کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ورکشاپس میں شریک تمام پولیس افسران و اہلکاروں کا ضلعی سطح پر باقاعدہ ریکارڈ مرتب کیا جائے، جبکہ تربیتی ورکشاپس کے شیڈول، مقامات، بیچز اور شرکا کی تفصیلات پر مشتمل ہفتہ وار رپورٹس سنٹرل پولیس آفس بھجوائی جائیں۔