پی ٹی اے کی ٹک ٹاک پر پابندی سے متعلق نوٹیفکیشن کی تردید
11-06-2026
(ویب ڈیسک)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے مقبول ویڈیو شیئرنگ ایپ ’ٹک ٹاک‘ پر پابندی سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک نوٹیفکیشن کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے ’غلط اور گمراہ کن‘ قرار دیا ہے۔
پی ٹی اے نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر جاری وضاحتی بیان میں کہا کہ اتھارٹی کی جانب سے ایسا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا اور نہ ہی ٹک ٹاک پر کسی قسم کی نئی پابندی عائد کی گئی ہے، پی ٹی اے نے شہریوں اور صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر مصدقہ اور افواہوں پر مبنی اطلاعات پر بالکل کان نہ دھریں اور نہ ہی انہیں آگے شیئر کریں۔ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی قسم کی مصدقہ معلومات صرف پی ٹی اے کی سرکاری ویب سائٹ اور تصدیق شدہ سوشل میڈیا ہینڈلز سے ہی حاصل کی جائیں۔