جائیداد پر قبضہ، ڈی آئی جی آپریشنز کا 7 روز میں انصاف فراہم کرنے کا حکم

11-05-2026

(لاہور نیوز) کھلی کچہری میں ویل چیئر پر آنے والے بزرگ شہری کی قبضے کی شکایت پر ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او سمن آباد کو 7 روز میں شہری کو انصاف فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران  نے کھلی کچہری میں شہریوں کی شکایات سنیں اور فوری کارروائی کے احکامات جاری کئے۔ اُنہوں  نے ہدایت کی کہ وراثتی تنازعات کے حل کے لیے ایس ایچ اوز خصوصی توجہ دیں، کھلی کچہری میں ہراسگی، گھریلو جھگڑوں اور دیگر سماجی مسائل سے متعلق شکایات پر بھی قانونی کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے۔ فیصل کامران  نے کہا کہ ہراسگی کے واقعات میں کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، شہریوں کو انصاف فراہم کرنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے جبکہ شکایات کے ازالے میں غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق وہ ہفتے میں 6 روز دوپہر ایک سے تین بجے تک کھلی کچہری کا انعقاد کرتے ہیں جہاں پر کوئی بھی شہری شکایت لے کر آ سکتا ہے۔