انشورنس کمپنی کا جعلی منیجر بن کر فراڈ کے ملزم کی ضمانت خارج، گرفتاری کا حکم
11-05-2026
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے انشورنس کمپنی کا جعلی منیجر بن کر شہریوں سے لاکھوں روپے کا فراڈ کرنے کے ملزم ارشاد علی کی ضمانت خارج کرتے ہوئے گرفتاری کا حکم دے دیا۔
جسٹس عبہر گل خان نے کیس کی سماعت کی، دورانِ سماعت وکیل آصف چھٹہ نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خلاف تھانہ ٹاؤن شپ، کوٹ لکھپت اور اسلام پورہ میں متعدد مقدمات درج ہیں، ملزم شہریوں کو جعلی رسیدیں دیتا اور انشورنس منیجر بن کر رقم وصول کرتا تھا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم کی جانب سے دیا گیا 33 لاکھ روپے کا چیک بھی کیش نہیں ہو سکا، جس پر تھانہ اسلام پورہ میں مقدمہ درج کرایا گیا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کی درخواست ضمانت خارج کرتے ہوئے اسے گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔