پنجاب میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز، 175 ملزمان گرفتار
11-05-2026
(لاہور نیوز) پنجاب میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آگئی، پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس (سی این ایف) نے 16 اکتوبر سے اب تک 155 کامیاب آپریشنز کے دوران 175 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے منشیات کی بڑی کھیپ قبضے میں لے لی۔
ترجمان کے مطابق مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 969 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں، جن میں 62 کلوگرام ہیروئن، 21 کلوگرام آئس، 172 کلوگرام چرس، 566 کلوگرام بھنگ اور 135 کلوگرام پوست کا بھوسہ شامل ہے۔ کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 43 پستول، 7 رائفلیں اور 3 مشین گنز بھی برآمد کی گئیں۔ سی این ایف کے مطابق 16 اکتوبر سے اب تک ضبط کی گئی منشیات کی تخمینی مالیت 17 کروڑ 40 لاکھ 60 ہزار روپے ہے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اگست 2025 سے اب تک مجموعی طور پر 27.2 ٹن منشیات ضبط کی جا چکی ہیں، جن کی تخمینی مالیت 2 ارب 70 کروڑ 20 لاکھ روپے بنتی ہے۔ پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس نے عزم ظاہر کیا ہے کہ صوبے میں منشیات کے کاروبار کے خاتمے اور منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رکھی جائیں گی۔