پنجاب کے مختلف علاقوں میں گیس کی بندش اور لو پریشر سے شہری پریشان
11-05-2026
(لاہور نیوز) لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں گیس کی بندش اور لو پریشر کی شکایات میں اضافہ ہوگیا، جس کے باعث شہریوں کو روزمرہ امور خصوصاً کھانا پکانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں شفیق آباد، بند روڈ، سمن آباد، شالیمار، باغبانپورہ، سلامت پورہ، داروغہ والا، یتیم خانہ اور مزنگ سمیت مختلف علاقوں کے مکین گیس کی عدم دستیابی اور کم پریشر سے پریشان ہیں۔ شہریوں کے مطابق کھانے کے تینوں اوقات میں بھی گیس کا پریشر انتہائی کم ہوتا ہے، جبکہ کئی علاقوں میں دن بھر گیس دستیاب نہیں ہوتی، صبح کے وقت گیس نہ ہونے کے باعث بچوں کو اکثر ناشتہ کئے بغیر سکول جانا پڑتا ہے، جبکہ دوپہر اور رات کے کھانے کی تیاری بھی مشکل ہو جاتی ہے۔ شفیق آباد کے مکینوں کے مطابق علاقے میں کھانے کے تینوں اوقات میں بھی گیس دستیاب نہیں ہوتی۔ گیس کی مسلسل بندش کے باعث شہری متبادل ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہیں اور کھانا پکانے کیلئے ایل پی جی سلنڈر اور لکڑی جلانے کا سہارا لے رہے ہیں، جس سے گھریلو اخراجات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے اور کھانے کے اوقات میں گیس کا مناسب پریشر فراہم کیا جائے تاکہ انہیں روزمرہ کی مشکلات سے نجات مل سکے۔