پنجاب کے 12 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آج آخری روز، 60 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلا دیے گئے
11-05-2026
(لاہور نیوز) پنجاب کے 12 اضلاع میں جاری انسداد پولیو مہم کا آج آخری روز ہے، پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں مصروف ہیں۔
انسداد پولیو پروگرام کے مطابق مہم کے پہلے تین روز کے دوران 60 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ لاہور میں 9 لاکھ سے زائد، راولپنڈی میں 6 لاکھ سے زائد جبکہ ملتان میں 7 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین پلائی گئی۔ انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ خالد پرویز کا پولیو مہم کی نگرانی کے سلسلے میں راجن پور کا دورہ جاری ہے۔ انہوں نے راجن پور میں جاری پولیو مہم کا جائزہ لیا اور رکن قومی اسمبلی سردار شمشیر مزاری سمیت دیگر مقامی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ خالد پرویز نے روجھان میں پولیو ٹیموں سے بھی ملاقات کی اور فیلڈ میں درپیش مسائل اور ٹیموں کی کارکردگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پولیو ورکرز ہر گھر اور ہر بچے تک رسائی یقینی بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔ رہ جانے والے بچوں کی فوری نشاندہی کرکے ان کی ویکسینیشن یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہائی رسک علاقوں اور ٹرانزٹ پوائنٹس پر پولیو ویکسینیشن کی مؤثر نگرانی کی جائے جبکہ مہم کے دوران مائیکرو پلانز پر عمل درآمد بھی یقینی بنایا جائے۔ خالد پرویز کے مطابق پنجاب کے 12 اضلاع میں آج سے کیچ اپ سرگرمیوں کا آغاز ہو چکا ہے۔ والدین پولیو ویکسین سے محروم بچوں کو گھروں میں دستیاب رکھیں کیونکہ ویکسین سے محروم بچے پولیو وائرس کے دوبارہ پھیلاؤ کا سبب بن سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو ویکسین سے محروم بچوں کی اطلاع 1122 پر دی جا سکتی ہے جبکہ ایسے بچوں کو قریبی حفاظتی ٹیکہ جات کے مرکز سے بھی پولیو کے قطرے پلوائے جا سکتے ہیں۔ تمام سرکاری ہسپتالوں میں پولیو ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے پولیو ویکسین کے قطرے ضرور پلوائیں۔