شہر میں آوارہ کتوں کی بھرمار، شہری خوف و ہراس کا شکار، انتظامیہ خاموش

11-05-2026

(لاہور نیوز) شہر کے مختلف علاقوں میں آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔

آوارہ کتوں کے جھنڈ گلی محلوں اور رہائشی علاقوں میں آزادانہ گھومنے لگے، جس کے باعث شہریوں اور راہگیروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ آوارہ کتوں کی جانب سے شہریوں اور راہگیروں کو کاٹنے کے واقعات بھی سامنے آنے لگے، جس سے شہریوں کی جان و صحت کو خطرات لاحق ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آوارہ کتوں کی موجودگی کے باعث بچوں، بزرگوں اور خواتین کا گھروں سے نکلنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ متعدد شکایات کے باوجود متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی جا سکی۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو اس پریشانی سے نجات مل سکے۔