برائلر مرغی کے نرخوں میں 14 روپے فی کلو کمی کر دی گئی
11-05-2026
(لاہور نیوز) پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کر دی گئی اور انڈے مزید مہنگے ہو گئے۔
نئے سرکاری نرخ نامے کے مطابق برائلر گوشت کی قیمت 14 روپے کمی کے بعد 563 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم شہر کے مختلف بازاروں میں صافی گوشت 620 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، زندہ برائلر کی قیمت میں بھی 10 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے، فارم گیٹ پر زندہ برائلر کا نرخ 360 روپے فی کلو، ہول سیل مارکیٹ میں 374 روپے فی کلو جبکہ پرچون بازار میں 388 روپے فی کلو مقرر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب انڈوں کی قیمت میں 2 روپے فی درجن اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد انڈوں کی سرکاری قیمت 251 روپے فی درجن مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ ہول سیل مارکیٹ میں انڈوں کی پیٹی 7 ہزار 410 روپے میں مقرر کی گئی ہے۔ برائلر کی قیمتوں میں کمی کے باوجود صافی گوشت کی زائد قیمت پر فروخت شہریوں کیلئے تشویش کا باعث بن رہی ہے، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ نامے پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ انہیں ریلیف مل سکے۔