موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے پنجاب کلائمیٹ چینج ایکٹ 2026 لانے کا فیصلہ

11-05-2026

(ویب ڈیسک) حکومت پنجاب نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے پنجاب کلائمیٹ چینج ایکٹ 2026 متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا۔

مجوزہ قانون کی تیاری میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (UNDP) کی معاونت حاصل کی جائے گی، حکام کے مطابق مجوزہ کلائمیٹ چینج ایکٹ کی تشکیل کیلئے برطانیہ، سوئٹزرلینڈ سمیت 15 ممالک کے موسمیاتی قوانین کا تقابلی جائزہ لیا گیا ہے تاکہ عالمی بہترین طریقہ کار کو قانون سازی میں شامل کیا جا سکے۔ مجوزہ قانون کے تحت سموگ، فضائی آلودگی، سیلاب اور ہیٹ ویوز جیسے موسمیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جامع قانونی فریم ورک تشکیل دیا جائے گا، جبکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے زراعت، انسانی زندگی اور ماحول کے تحفظ کیلئے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ حکومت کے مطابق ایکٹ میں قابل تجدید توانائی، شجرکاری اور ماحول دوست ترقی کے فروغ کیلئے قانون سازی کی جائے گی، جبکہ موسمیاتی منصوبوں کیلئے عالمی فنڈنگ اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔