رائے ونڈ اجتماع: لاہور ٹریفک پولیس کا جامع ٹریفک پلان جاری
11-04-2026
(لاہور نیوز) لاہور ٹریفک پولیس نے سالانہ رائے ونڈ اجتماع 2026 کے پہلے مرحلے کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق اجتماع کا فیز ون 5 سے 8 نومبر جبکہ فیز ٹو 12 سے 15 نومبر تک جاری رہے گا، جبکہ دونوں مراحل کی اختتامی دعا بالترتیب 8 اور 15 نومبر (اتوار) کو ہو گی۔ اجتماع کے لیے رائے ونڈ روڈ، سندر روڈ، مانگا روڈ سمیت 7 داخلی راستے مقرر کیے گئے ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 10 مقامات پر ڈائیورژن پوائنٹس قائم کیے جائیں گے۔ سی ٹی او لاہور کے مطابق شرکاء کے لیے مختلف مقامات پر پارکنگ کی سہولت فراہم کی جائے گی، جہاں 2,800 بڑی گاڑیوں، 5,400 کاروں اور 10 ہزار موٹر سائیکلوں کی گنجائش مختص کی گئی ہے۔ ٹریفک انتظامات کے لیے 1,103 افسران و اہلکار تعینات کیے جائیں گے، جن میں 7 ڈی ایس پیز، 203 انسپکٹرز و سینئر ٹریفک وارڈنز اور 866 ٹریفک وارڈنز و ٹریفک اسسٹنٹس شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے 15 لفٹرز اور 9 بریک ڈاؤن گاڑیاں بھی تعینات کی جائیں گی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق جی ٹی روڈ، گوجرانوالہ سے آنے والے شرکاء کالا شاہ کاکو انٹرچینج کے ذریعے موٹروے سے رائے ونڈ پہنچیں گے، جبکہ فیصل آباد اور شیخوپورہ سے آنے والے افراد فیض پور انٹرچینج کے راستے رائے ونڈ جائیں گے، اسی طرح اوکاڑہ سے آنے والے شرکاء کو این ایف سی انٹرچینج، رنگ روڈ اور رائے روڈ کے ذریعے اجتماع گاہ کی جانب بھیجا جائے گا۔