کھلی کچہری، ڈی آئی جی آپریشنز کے سائلین کیلئے فوری دادرسی کے احکامات

11-04-2026

(لاہور نیوز) ڈی آئی جی آپریشنز کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقاد، درجنوں سائلین کی شکایات پر دادرسی کیلئے فوری احکامات جاری کئے۔

فیصل کامران کا کہنا تھا کہ پولیس کسی قانونی سرگرمی میں رکاوٹ نہیں بنے گی تاہم قانون اور طے شدہ ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ کھلی کچہری میں لین دین کے تنازع اور جوابی درخواست دائر کیے جانے سے متعلق شکایت بھی سامنے آئی، ایک شہری نے مؤقف اختیار کیا کہ اس نے دوسرے فریق کو 10 لاکھ روپے کی واپسی کیلئے مہلت دے رکھی تھی، تاہم رقم واپس کرنے کا وقت قریب آنے پر دوسرے فریق نے اس کے خلاف پولیس کو درخواست دے دی۔ ڈی آئی جی آپریشنز  نے ویڈیو لنک کے ذریعے ایس ایچ او بادامی باغ سے معاملے پر وضاحت طلب کی، ایس ایچ او  نے بتایا کہ دوسرا فریق اپنے دعوے کے حق میں مالی ثبوت پیش نہیں کر سکا، جس پر شواہد کی عدم دستیابی کے باعث درخواست داخل دفتر کر دی گئی۔ اس موقع پر فیصل کامران کا کہنا تھا کہ جوابی درخواستوں کی آڑ میں کسی شہری کو ہراساں نہیں ہونے دیا جائے گا۔