عوام کو ریلیف نہ ملا تو تحریک دوبارہ شروع کریں گے، ضیاء الدین انصاری
11-04-2026
(لاہور نیوز) جماعت اسلامی کے رہنما ضیاء الدین انصاری نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف نہ ملا تو پٹرولیم لیوی کے خلاف تحریک دوبارہ شروع کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ضیاء الدین انصاری نے کہا کہ ایل پی جی کی سرکاری قیمت 294 روپے مقرر ہے، لیکن مارکیٹ میں اسے 650 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے، سردیوں میں گیس کی قلت معمول ہے، مگر اس سال یہ صورتحال گرمیوں سے ہی جاری ہے، جو سلنڈر 3500 روپے میں بھرنا چاہیے، وہ 7000 روپے میں بھرا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قطر سے آنے والی گیس مہنگی ہے، تاہم ایران سے حاصل ہونے والی گیس نسبتاً سستی ہو سکتی ہے، حافظ نعیم الرحمن متعدد بار نشاندہی کر چکے ہیں کہ ایران اپنے حصے کی گیس پائپ لائن بچھا چکا ہے، اس معاملے میں پنجاب حکومت کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ضیاء الدین انصاری نے کوڑا ٹیکس کے حوالے سے کہا کہ عوام سے ٹیکس تو وصول کیا جا رہا ہے لیکن کوڑا کئی کئی دن سڑکوں پر پڑا رہتا ہے، ہر شعبے کو نجی شعبے کے حوالے کیا جا رہا ہے جبکہ لوکل گورنمنٹ کے انتخابات بھی نہیں کروائے جا رہے، لاہور صرف چھ سات سڑکوں کا نام نہیں بلکہ ڈیڑھ کروڑ آبادی کا شہر ہے، جہاں تمام علاقوں کو یکساں صفائی کی سہولیات ملنی چاہئیں۔ انہوں نے صاف پانی کی عدم دستیابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے کسی بھی علاقے میں پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں، واسا خود تسلیم کرتا ہے کہ نئی پائپ لائنیں بچھانے کی ضرورت ہے، لیکن فنڈز موجود نہیں، حکومت پنجاب پینے کے پانی کی پائپ لائنوں کی فوری مرمت کروائے، کیونکہ عوام کو صاف پانی فراہم کرنا حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے۔ فضائی آلودگی اور سموگ کے حوالے سے ضیاء الدین انصاری نے کہا کہ حکومت آلودگی پر قابو پانے میں بھی ناکام دکھائی دیتی ہے، گزشتہ سال گاڑیاں خریدی گئیں لیکن اس کے باوجود کوئی خاطر خواہ بہتری نظر نہیں آئی، جب تک نئے درخت نہیں لگائے جائیں گے، فضائی آلودگی پر قابو پانا مشکل ہو گا۔