لیسکو میں اے ایم آئی سمارٹ میٹرز کی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف

11-04-2026

(لاہور نیوز) لیسکو میں اے ایم آئی سمارٹ میٹرز کی خریداری میں مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف، 52 کروڑ روپے سے زائد اضافی اخراجات کی نشاندہی کی گئی۔

 لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) میں اے ایم آئی (AMI) سمارٹ میٹرز کی خریداری کے عمل میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، آڈٹ رپورٹ میں میٹرز کی مہنگے داموں خریداری کے باعث کمپنی پر 52 کروڑ 45 لاکھ روپے کے اضافی مالی بوجھ کی نشاندہی کرتے ہوئے ٹینڈر کے عمل کی شفاف تحقیقات کی سفارش کی گئی ہے۔ دستاویزات کے مطابق لیسکو نے ابتدائی طور پر 19 ہزار 700 روپے فی میٹر کی قیمت پر خریداری کے لیے جاری ٹینڈر منسوخ کر دیا تھا، جس کے بعد کامیاب قرار دی گئی کمپنیوں کی جانب سے فی میٹر 44 ہزار 125 روپے اور 43 ہزار 250 روپے کی قیمتیں پیش کی گئیں۔ آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپریل 2024 میں بین الاقوامی ٹینڈر کے ذریعے فی سمارٹ میٹر 19 ہزار 737 روپے کی قیمت حاصل کی گئی تھی، جبکہ بعد ازاں کی گئی خریداری کی قیمت اس کے مقابلے میں 119.13 فیصد زیادہ تھی۔ رپورٹ کے مطابق قیمتوں میں اس فرق کے باعث لیسکو کو مجموعی طور پر 52 کروڑ 45 لاکھ روپے کے اضافی مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑا۔ آڈٹ حکام نے معاملے کی شفاف تحقیقات اور ٹینڈر منسوخ کرنے سمیت خریداری کے پورے عمل کا جائزہ لینے کی سفارش کی ہے۔ دوسری جانب لیسکو نے آڈٹ کمیٹی کو اپنے جواب میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ خریداری کا عمل پیپرا (PPRA) قوانین کے مطابق مکمل کیا گیا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر جاری کیے گئے منسوخ شدہ ٹینڈر کی قیمتوں کا بعد میں کیے گئے ٹینڈر سے براہ راست موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ تاہم آڈٹ رپورٹ میں اٹھائے گئے اعتراضات کے بعد سمارٹ میٹرز کی خریداری، ٹینڈر کی منسوخی اور قیمتوں کے تعین کا معاملہ مزید جانچ پڑتال کا متقاضی قرار دیا جا رہا ہے۔