لاہور پولیس کی کارروائی، خواتین سے پرس چھیننے والے 2 ملزمان گرفتار

11-04-2026

(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے خواتین کو لوٹنے میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سرِراہ خواتین سے پرس چھین کر فرار ہونے والے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت علی اقرار اور افتخار کے نام سے ہوئی ہے۔ ساندہ پولیس نے نجی سی سی ٹی وی کیمروں کی درجنوں فوٹیجز کا جائزہ لینے کے بعد ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان گلی محلوں میں خواتین کو نشانہ بنا کر ان سے پرس اور دیگر قیمتی اشیا چھین کر فرار ہو جاتے تھے۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل، پستول اور گولیاں بھی برآمد کر لی گئیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ خواتین معاشرے کا اہم ستون ہیں اور ان کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔  انہوں نے واضح کیا کہ خواتین اور بچوں کو کمزور سمجھ کر جرائم کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی جاری رہے گی۔