لاہور ٹریفک پولیس کی سموگ کیخلاف اکتوبر میں ریکارڈ کارروائیاں، 67 ہزار سے زائد چالان

11-04-2026

(لاہور نیوز) لاہور ٹریفک پولیس نے سموگ کے تدارک کے لیے اکتوبر کے دوران ریکارڈ کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مختلف خلاف ورزیوں پر 67 ہزار 914 چالان جاری کیے۔ اگست اور ستمبر کی ماہانہ اوسط کے مقابلے میں کارروائیوں میں 39 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق فٹنس سرٹیفکیٹ کی خلاف ورزی پر 7 ہزار 272 چالان کیے گئے، جن میں 73 فیصد اضافہ ہوا۔ ترپال کے بغیر سفر کرنے والی ٹریکٹر ٹرالیوں کے خلاف 2 ہزار 166 چالان جاری کیے گئے، جن کی تعداد میں 90 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف 3 ہزار 993 چالان کیے گئے، جن میں 209 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اوورلوڈنگ اور اوور ڈائمینشن کی خلاف ورزی پر 54 ہزار 483 چالان جاری کیے گئے، جن میں 29 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ان چاروں اقسام کی خلاف ورزیوں کے خلاف انفورسمنٹ کارروائیاں سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لیے ترپال کے بغیر چلنے والی 3 ہزار 46 گاڑیوں کو واپس بھجوا دیا گیا، جبکہ سنگین ٹریفک اور سیفٹی خلاف ورزیوں پر ایک ہزار 545 کمرشل گاڑیاں بند کروائی گئیں۔ علاوہ ازیں، پانی کا چھڑکاؤ نہ کرنے پر 18 تعمیراتی مقامات پر کام بند کروایا گیا، جنہیں احکامات پر عمل درآمد کے بعد دوبارہ کام کی اجازت دی گئی۔ کمرشل گاڑیوں کے خلاف کارروائیوں میں بھی تیزی لائی گئی، جبکہ ٹریکٹر ٹرالیوں کی چیکنگ میں 28 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رات کے وقت گاڑیوں کی بہتر شناخت اور ٹریفک سیفٹی یقینی بنانے کے لیے 2 ہزار 357 ریفلیکٹو اسٹیکرز بھی چسپاں کروائے گئے۔