ہنجروال: شہری اور بھائیوں پر تشدد کرنیوالے 3 ملزمان گرفتار

11-03-2026

(لاہور نیوز) ہنجروال پولیس نے شہری اور اس کے بھائیوں کو تشدد کا نشانہ بنانے اور گاڑی توڑنے کے الزام میں تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار ملزمان میں شبیر قادری، رمضان عرف جانا اور حمزہ شامل ہیں، شہری اور اس کے بھائیوں پر تشدد کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی۔ پولیس کے مطابق ملزمان  نے سابقہ رنجش کی بنا پر شہری اور اس کے بھائیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کی گاڑی بھی توڑ دی، ملزمان پر خاتون خانہ کو ہراساں کرنے اور قانونی کارروائی سے باز رہنے کے لیے دھمکیاں دینے کا بھی الزام ہے، ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ بدمعاشی اور غنڈہ گردی کے ذریعے اپنی عدالت لگانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی، قانون ہاتھ میں لینے اور شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنانے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تفتیش میرٹ پر مکمل کی جائے گی۔