سانحہ 9 مئی: جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور حملہ کیس سماعت یکم دسمبر تک ملتوی
11-03-2026
(لاہور نیوز) سانحہ 9 مئی کے جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور حملہ کیسز کی سماعت کوٹ لکھپت جیل میں ہوئی، عدالت نے مزید کارروائی یکم دسمبر تک ملتوی کرتے ہوئے گواہان کو شہادتیں ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کر لیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے مقدمات کی سماعت کی، اس موقع پر زیر حراست ملزمان ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر ملزمان کی حاضری مکمل کی گئی، ملزمان کی جانب سے وکلا رانا مدثر عمر اور میاں علی عمار ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ واضح رہے کہ ان مقدمات میں صنم جاوید، عالیہ حمزہ، طیبہ راجہ، خدیجہ شاہ اور روبینہ جمیل سمیت دیگر ملزمان بھی نامزد ہیں، جناح ہاؤس حملہ کیس میں 200 سے زائد ملزمان نامزد ہیں، مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں پر 9 مئی کے واقعات کے دوران مبینہ طور پر کارکنوں کو بغاوت اور فسادات پر اکسانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔