مریم نواز کی اٹک آمد، 23 ارب روپے کے 127 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

11-03-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اٹک پہنچ گئیں، جہاں ان کا جگہ جگہ پرتپاک استقبال کیا گیا، شہریوں، کارکنوں اور بچوں کی بڑی تعداد نے وزیراعلیٰ کا خیرمقدم کیا، جبکہ مختلف شاہراہوں اور چوکوں پر ان پر گل پاشی کی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز کی آمد پر ہٹیاں روڈ، کامرہ روڈ اور یونیورسٹی روڈ سمیت مختلف شاہراہیں گلاب کی پتیوں سے سج گئیں، استقبال کے لیے عوام کا جم غفیر جمع ہوگیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے سکیورٹی ہٹا کر عوام کو اپنے قریب بلا لیا اور بچوں کو ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے لیے مدعو کیا۔ انہوں نے بچوں کے ہمراہ اٹک کے مختلف میگا ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا، ان منصوبوں میں 23 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے 59 روڈ پراجیکٹس بھی شامل ہیں، جبکہ ایگری مال، اراضی ریکارڈ سینٹر، ماڈل چلڈرن ہوم اور فتح جنگ سپیشل ایجوکیشن سینٹر سمیت مجموعی طور پر 127 منصوبوں کا افتتاح کیا گیا۔ افتتاح کیے جانے والے سڑکوں کے منصوبوں میں فتح جنگ پنڈی گھیب روڈ، ڈھوک لاہم تا جھمات روڈ اور مٹھیال چوک تا ڈھوک پٹھان روڈ سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ غلہ منڈی کے افتتاح کے دوران ایک بچی ہجوم کو عبور کرکے آٹوگراف لینے ان کے پاس آگئی تھی، لوگوں کا خیال تھا کہ وزیراعلیٰ بننے کے ایک سال بعد عوام مریم نواز سے سوالات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں لوگوں کی عادت تھی کہ عوام کو سٹیج سے نیچے گرا دیا جاتا تھا، تاہم وہ عوام کے درمیان رہنے اور ان سے براہ راست رابطے کو اہمیت دیتی ہیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مشکلات سے گھبرانا نہیں چاہیے اور نہ ہی ہمت ہارنی چاہیے، آگ کے دریا سے گزرنا پڑتا ہے اور جیلیں بھی کاٹنی پڑتی ہیں، اس لیے دل چھوٹا نہیں کرنا چاہیے، عوام کی خدمت کرکے جو سکون ملتا ہے، وہ کہیں اور نہیں ملتا۔ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ آج ہونہار بچے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کریں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اٹک کے بازار کو اتنا خوبصورت بنایا گیا ہے کہ اس نے لبرٹی مارکیٹ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ بارش کے بعد پانی میں ڈوبنے والے اٹک شہر کے مسائل حل کرنے کے لیے اربوں روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ کرپشن کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ کوئی ثابت کردے کہ انہوں نے ایک روپیہ بھی کرپشن کی ہے تو وہ اللہ اور عوام کے سامنے جوابدہ ہوں گی۔