ایل پی جی مافیا سرگرم، قیمتوں میں خودساختہ اضافہ
11-03-2026
(لاہور نیوز) موسم سرما شروع ہوتے ہی ایل پی جی مافیا سرگرم ہو گیا۔
شہر کے مختلف علاقوں میں گیس کی قیمتوں میں خودساختہ اضافہ جاری ہے جبکہ اوگرا کے مقرر کردہ نرخوں پر ایل پی جی کی دستیابی شہریوں کیلئے خواب بن گئی۔ اوگرا نے رواں ماہ ایل پی جی کی قیمت 294 روپے 7 پیسے فی کلو مقرر کی ہے، تاہم شہر کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی 550 سے 600 روپے فی کلو تک فروخت کی جا رہی ہے۔ قیمتوں میں من مانے اضافے کے باعث صارفین اور دکاندار دونوں پریشان ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی غریب آدمی کی پہنچ سے باہر ہو چکی ہے اور گیس کی قیمتوں میں اضافے سے براہ راست عام آدمی متاثر ہو رہا ہے۔ شہریوں کے مطابق گیس اتنی مہنگی ہو چکی ہے کہ دو وقت کی روٹی کمانا بھی مشکل ہوتا جا رہا ہے، رکشہ ڈرائیورز، ٹھیلے والے، ہوٹل مالکان، تندور اور متعدد گھریلو صارفین کا روزگار اور ضروریات ایل پی جی سے وابستہ ہیں۔ شہریوں نے شکوہ کیا کہ اوگرا اور ضلعی انتظامیہ چھوٹے دکانداروں کے خلاف کارروائیاں کرتی ہے، جبکہ اصل ذمہ دار پلانٹ مالکان اور ڈسٹری بیوٹرز کے خلاف مؤثر اقدامات نہیں کیے جاتے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں خودساختہ اضافے کا نوٹس لیا جائے، پلانٹ مالکان کے خلاف کارروائی کی جائے اور ڈسٹری بیوٹرز کو اوگرا کے مقرر کردہ نرخوں پر گیس فروخت کرنے کا پابند بنایا جائے۔