ایل ڈبلیو ایم سی کی سات روزہ خصوصی صفائی و واشنگ مہم کا آغاز

11-03-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ’’ستھرا پنجاب‘‘ کے تحت لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) نے شہر کو صاف ستھرا اور دھول مٹی سے پاک بنانے کیلئے سات روزہ خصوصی صفائی و واشنگ مہم ’’چمکتا لاہور‘‘ کا آغاز کر دیا۔

اس سلسلے میں لبرٹی چوک پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیر بلدیات ذیشان رفیق، معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب شعیب مرزا، ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز اور سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان نے خصوصی شرکت کی۔ ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے فضائی آلودگی اور سموگ میں کمی لانے کیلئے خصوصی فیلڈ واشنگ پلان بھی جاری کر دیا گیا ہے، چمکتا لاہور مہم کے تحت شہر کی 77 بڑی شاہراہوں پر صفائی اور واشنگ کی جائے گی، جبکہ مجموعی طور پر 648 کلومیٹر طویل شاہراہوں کی روزانہ کی بنیاد پر مکینیکل واشنگ یقینی بنائی جائے گی۔ سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان کے مطابق لاہور میں ستھرا پنجاب واشرز گاڑیاں روزانہ 100 کلومیٹر سے زائد سڑکوں کی واشنگ کیلئے تعینات کر دی گئی ہیں، جبکہ اندرون شہر کی تنگ گلیوں کی صفائی اور دھلائی کیلئے 46 جدید واشر رکشے بھی میدان میں اتار دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مال روڈ، جیل روڈ اور فیروزپور روڈ پر دن اور رات دونوں شفٹوں میں واشنگ کی جائے گی، شہر بھر میں تعمیراتی مقامات پر دھول مٹی کو کنٹرول کرنے کیلئے واٹر باؤزرز بھی تعینات کر دیئے گئے ہیں۔ مہم کے تحت کچا جیل روڈ، پیکو روڈ، بند روڈ اور گلشن راوی روڈ پر واشنگ ٹیمیں متحرک ہیں، جبکہ جی ٹی روڈ شاہدرہ، امامیہ کالونی برج، ٹھوکر نیاز بیگ، کھڑک نالہ اور ملتان روڈ پر بھی دھلائی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح لارنس روڈ، عبدالستار ایدھی روڈ، فضل حق روڈ اور گارڈن ٹاؤن روڈ پر بھی صفائی و واشنگ ٹیمیں سرگرم ہیں، شاہکام فلائی اوور، سبزہ زار مین بلیوارڈ اور موہلنوال روڈ پر دھول مٹی کے خاتمے کیلئے سکریپنگ اور واشنگ کا عمل جاری ہے۔ ایل ڈبلیو ایم سی حکام کے مطابق ’’چمکتا لاہور‘‘ مہم کا مقصد شہر کی اہم شاہراہوں اور اندرونی گلیوں کو صاف ستھرا بنانا، گردوغبار میں کمی لانا اور شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے۔