انسداد پولیو مہم: لاہور میں پہلے روز 4 لاکھ 56 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے
11-03-2026
:(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت میں انسداد پولیو مہم کے پہلے روز 4 لاکھ 56 ہزار 308 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا دیے گئے جبکہ پولیو ٹیموں نے 2 لاکھ 95 ہزار 151 گھروں تک رسائی حاصل کی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے پہلے روز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں اے ڈی سی میونسپل سروسز، سی ای او ہیلتھ، اسسٹنٹ کمشنرز اور یو سی ایم اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف ارباب خان نے پہلے روز کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے پولیو مہم کی سو فیصد کوریج یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گھروں میں غیر موجود بچوں کو دوبارہ وزٹ کرکے پولیو کے قطرے پلائے جائیں۔ کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کا کہنا تھا کہ انسداد پولیو کی کامیابی ہماری قومی ذمہ داری ہے،انکاری کیسز کو مؤثر حکمت عملی کے تحت کور کیا جائے تاکہ کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق شہر سے پولیو کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا اور اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کریں۔